سعودی قیادت میں اتحادی افواج نے یمن کی بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے سعودی فضائی حدود سے گزرنے والی فضائی کمپنیوں کو ممکنہ حملوں سے خبردار کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج نے یہ کارروائی حوثیوں کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کی۔ اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ الحدیدہ بندرگاہ کو ہتھیاروں، بیلسٹک میزائلوں کی ترسیل اور اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ حملے سے قبل شہریوں کو علاقے سے انخلا کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
الحدیدہ بندرگاہ یمن کے حوثیوں کے زیر کنٹرول شمالی علاقے میں واقع ہے اور ملک میں خوراک سمیت ضروری سامان کی ترسیل کا اہم مرکز ہے۔ تاہم یمن کے وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہے اور وہاں سامان کی ترسیل جاری رہے گی۔
دوسری جانب حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ اگر یمنی بندرگاہ پر حملہ کیا گیا تو بحیرہ احمر میں سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے سعودی بندرگاہوں کے ملازمین اور قریبی علاقوں میں موجود افراد کو فوری انخلا کی ہدایت کرتے ہوئے شپنگ کمپنیوں سے بھی اپنے جہاز وہاں سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔
حوثی ترجمان نے فضائی کمپنیوں کو سعودی فضائی حدود سے گزرنے سے گریز کرنے کا انتباہ بھی دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں بعد فضائی حملے کیے جاسکتے ہیں، تاہم مکہ اور مدینہ کے قریب فضائی حدود کو اس تنبیہ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے شقیق میں بجلی گھر کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
ادھر سعودی قیادت میں اتحادی افواج نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائی کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ صعدہ اور تعز میں بھی فوجی کارروائیاں جاری رہنے کی اطلاع دی ہے۔
یمن میں جاری تنازع کے دوران سعودی عرب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کر رہا ہے، جبکہ حوثی باغیوں کا ملک کے کئی علاقوں پر کنٹرول ہے۔ تازہ حملوں اور دھمکیوں سے بحیرہ احمر میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔





