وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کے تمام ارکان کو سیاسی بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہئیں۔ وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور عوامی خدمت و ملکی ترقی سے توجہ ہٹتی ہے۔
شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔





