وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی وفاقی حکومت کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
شہباز شریف نے صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کو فروغ دیا جائے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔





