بشیر زیب بلوچ کی جگہ رحمان گل کیوں؟ وجہ سامنے آ گئی

کالعدم بی ایل اے نے بشیر زیب کو ہٹا کر رحمان گل کو نیا سربراہ مقرر کر دیا۔ اس اچانک تبدیلی کے پس منظر اور مستقبل کی حکمت عملی کا مختصر تجزیہ۔
بشیر زیب کی جگہ رحمان گل کو لانے کے پیچھے اصل کہانی کیا ہے؟

November 25, 2026

رواں ماہ کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی قیادت میں ہونے والی اچانک تبدیلی نے سکیورٹی حلقوں اور مبصرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ تقریباً آٹھ برس تک تنظیم کی سربراہی کرنے والے بشیر زیب کو عہدے سے ہٹا کر رحمان گل عرف مرید کو نیا کمانڈر ان چیف مقرر کیا گیا ہے، جس پر حکومت بلوچستان نے پچیس کروڑ روپے کا انعام بھی مقرر کر رکھا ہے۔

بظاہر تنظیم کے ترجمان اس تبدیلی کو ایک معمول کا داخلی اور ادارہ جاتی عمل قرار دے رہے ہیں، تاہم حالیہ برسوں کے واقعات اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے محض انتظامی معمول سے بڑھ کر کئی گہرے عسکری اور تنظیمی عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں۔

تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو ستر کی دہائی میں قائم ہونے والی اس تنظیم کی قیادت مختلف ادوار میں مختلف ہاتھوں میں رہی ہے اور رحمان گل اس کے چھٹے سربراہ بنے ہیں۔ نواب خیر بخش مری سے لے کر بالاچ مری، حربیار مری اور پھر استاد اسلم بلوچ تک قیادت کی منتقلی کا سفر اندرونی اختلافات، دھڑے بندیوں اور عسکری کارروائیوں میں مارے جانے والے رہنماؤں کی وجہ سے تبدیل ہوتا رہا ہے۔ سنہ دو ہزار اٹھارہ میں قندھار میں اسلم بلوچ کی ہلاکت کے بعد جب بشیر زیب نے قیادت سنبھالی تو تنظیم نے اپنے طریقہ کار میں واضح تبدیلی پیدا کی اور شہری علاقوں سمیت بڑے اور حساس اہداف کو نشانہ بنایا۔

بشیر زیب کے دور میں کراچی میں چینی قونصل خانے، سٹاک ایکسچینج، گوادر کے نجی ہوٹل اور جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر حملوں جیسے بڑے واقعات پیش آئے، جنہوں نے اس تنظیم کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنایا۔ تاہم جنوری دو ہزار چھبیس میں ہونے والی کارروائی ہیروف ٹو اس تنظیم کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔

اگرچہ تنظیم نے اسے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کامیاب قرار دیا، لیکن اس کارروائی کے دوران اور بعد میں سکیورٹی فورسز کے جوابی آپریشنز میں تنظیم کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ حکام کے مطابق دو سو سے زائد جبکہ خود تنظیم کے اعتراف کے مطابق ترانوے جنگجو اس دوران مارے گئے۔

سکیورٹی امور کے مبصرین اس بھاری جانی نقصان کو قیادت کی تبدیلی کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔ کسی بھی مسلح گروہ کے لیے ایک ہی کارروائی میں اتنی بڑی تعداد میں تربیت یافتہ افراد کھو دینا ایک بڑا دھچکا ہوتا ہے، جس سے تنظیم کے اندر حکمت عملی پر سوالات جنم لیتے ہیں۔ جدید نگرانی اور انٹیلیجنس کے اس دور میں بڑی تعداد میں جنگجوؤں کو ایک ہی جگہ جمع کر کے کارروائی کرنا سکیورٹی خطرات کو بڑھا دیتا ہے، اور غالباً اسی غلطی کے ازالے اور نقصانات کے ازسرنو جائزے کے نتیجے میں قیادت کی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بشیر زیب کی صحت کے مسائل، عوامی سطح پر ان کی بڑھتی ہوئی نمایاں موجودگی اور تنظیم کے اندر اختیارات کو کسی ایک شخصیت تک محدود نہ رکھنے کی سوچ بھی اس تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔ چونکہ بشیر زیب تنظیم سازی اور مشاورت کے قائل سمجھے جاتے تھے، اس لیے ابھی تک تنظیم کے اندر کسی بڑی بغاوت یا نئی دھڑے بندی کے آثار سامنے نہیں آئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ باہمی مشاورت یا دباؤ کے تحت خاموشی سے طے پایا ہے، تاہم بشیر زیب کے مستقبل کے کردار کے بارے میں تاحال مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ رحمان گل کی قیادت میں اس کالعدم تنظیم کی آئندہ حکمت عملی کیا ہوگی۔ ماضی کے تجربات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تنظیم اب بڑے پیمانے پر وسائل اور افراد جھونکنے کے بجائے چھوٹے اور منظم آپریشنز کی طرف واپس جا سکتی ہے تاکہ جانی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی کارروائیوں میں جدید ٹیکنالوجی بالخصوص سستے اور آسانی سے دستیاب ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کے استعمال میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے، جس کی تصدیق حالیہ مہینوں میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے بھی کی جا چکی ہے۔ آنے والے مہینوں میں اس نئی قیادت کے اقدامات ہی اس بات کا حتمی تعین کریں گے کہ یہ تبدیلی محض چہروں کی ادلا بدلی ہے یا کسی نئی عسکری حکمت عملی کا آغاز۔

دیکھیے: مددگار یا مکار؟

متعلقہ مضامین

ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر ریلی اور باغِ جناح میں عوامی جلسے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے کمشنر کراچی سے اجازت طلب کرلی گئی۔

November 25, 2026

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں زیر تعمیر سات منزلہ عمارت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ 40 سے 45 افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے۔

November 25, 2026

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں افغان صوبہ خوست سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد قاری خیر اللہ ہلاک ہو گیا۔

November 25, 2026

سعودی اتحادی افواج نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ اور صعدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے، حوثیوں نے سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی۔

November 25, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *