افغانستان کے صوبہ بغلان کے ضلع تالا و برفک میں طالبان کے ٹھکانے پر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) نے کارروائی کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق حملہ 12 اپریل کی رات تقریباً 2 بجے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ راکٹ فائر کے ذریعے کیا گیا جو تقریباً 12 منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں 4 طالبان اہلکاروں کے ہلاک اور 2 کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں اے ایف ایف کی جانب سے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جسے بعض حلقے افغانستان میں مزاحمتی سرگرمیوں کے پھیلاؤ سے جوڑ رہے ہیں۔ تاہم طالبان حکام کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق افغانستان کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق ایسی اطلاعات کا بغور جائزہ ضروری ہے۔