تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے بنوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے وطن محافظوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کاروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے ملک محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
سابقہ حکمران جماعت کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر فوجی جوانوں اورعام شہریوں کی شہادتیں قابلِ تشویش ہیں۔
میں بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی آپریشنز کے دوران شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کی شہادتیں انتہائی تشویش ناک ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جامع…
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) September 14, 2025
انہوں نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ضرورت اس امر کی ہے ہمیں دہشت گردی کے خلاف جامع پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ اور اس کے لیے تمام اداروں اور تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر جامع حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔
اسی طرح عوام اور افواجِ پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے بھی کم کرنے ہونگے تب کہیں جا کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں مؤثر ہوسکیں گی۔ انکا کہنا تھا گزشتہ تین دہائیوں کے فوجی آپریشن کے دوران خیبرپختونخوا کے عوام نے بھاری قیمت چکائی ہے۔
نتیجتاً لوگ بے گھر ہوئے اور معیشت بھی تباہ ہوئی جن کے اثرات آج بھی کے پی کے مختلف اضلاع میں نظر آتے ہیں۔
اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کر کے ایک ایسی جامع پالیسی مرتب کی جائے کہ قوم بھی سیاسی و عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہوسکے۔