فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور جہاں بھی یہ عناصر ملے، انہیں کچل دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سرحدی انتظامات اور فوجی دستوں کی تعیناتی سے متعلق آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ جذبے کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے اور پیشہ ورانہ تیاریوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔
شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام، سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دی جائے گی۔
اس سے قبل کمانڈر پشاور کور نے کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔





