نئی دہلی: بھارت کی ریاست آسام میں بے دخلی آپریشن کے دوران 750 سے زائد مسلم خاندان بے گھر ہوگئے، جبکہ کارروائی میں مساجد، دیگر عبادت گاہوں اور قبرستانوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔
بھارتی ریاست آسام کے ضلع دھوبری میں حکام نے متنازع اراضی پر قبضے کے الزام کے تحت مسلمانوں کے خلاف بے دخلی آپریشن کیا۔ اس دوران 750 سے زائد خاندانوں کو اپنے گھروں سے محروم ہونا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق گھروں اور عبادت گاہوں کو مسمار کرنے کے لیے 60 سے زائد بلڈوزر اور بھاری پولیس نفری تعینات کی گئی تھی۔
بے دخلی آپریشن کے دوران مساجد، دیگر عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی مسماری پر مقامی مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں غم و سوگ کی فضا دیکھی گئی، جبکہ خواتین کی بڑی تعداد مسجد میں جمع ہوکر دعائیں مانگتی رہی۔





