اسلام آباد میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے سرکاری دورے کے دوران چیف آف ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان آپریشنل تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران تربیت، صلاحیت سازی اور ایرو اسپیس کے شعبے میں تعاون کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ کو پاک فضائیہ کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مہمان وفد کو پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بنگلہ دیش ایئر فورس کو بنیادی سے لے کر جدید سطح تک جامع تربیتی فریم ورک فراہم کرتا رہے گا، جس میں خصوصی کورسز بھی شامل ہوں گے۔
اسلام آباد میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے سرکاری دورے کے دوران چیف آف ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے درمیان آپریشنل تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی… pic.twitter.com/z76gd7RdnV
— HTN Urdu (@htnurdu) January 6, 2026
پاکستان ایئر فورس کے سربراہ نے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی تیز رفتار فراہمی، مکمل تربیتی نظام اور طویل المدتی تکنیکی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ بنگلہ دیشی ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے شاندار جنگی ریکارڈ کو سراہتے ہوئے اس کی آپریشنل مہارت سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے پرانے بیڑے کی دیکھ بھال، مرمت اور ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام کے ذریعے فضائی نگرانی بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیشی وفد نے پاک فضائیہ کی اہم تنصیبات کا دورہ کیا، جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر، پاک فضائیہ سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک شامل ہیں، جہاں انہیں آئی ایس آر، سائبر، خلائی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کا عکاس ہے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
دیکھیں: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی