بنوں میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے پولیس اہلکاروں اور مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی سخت موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کلمہ پڑھ کر عہد کیا کہ وہ اپنے ہر ایک شہید پولیس اور ایف سی اہلکار کا بدلہ لیں گے اور ایک شہید کے بدلے دس دہشت گردوں کو ہلاک کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز اور عوام ایک ہی کشتی کے مسافر ہیں اور بزدلانہ حملے ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے۔
ڈی آئی جی سجاد خان نے فورسز کے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک جوان دس دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ جنگ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور دشمن کو ان کی ہر کارروائی کا عبرت ناک جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کے پیاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
دوسری جانب مقامی افراد نے بھی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ قبائلی عمائدین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کا مقابلہ کرنے کے لیے فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے علاقوں کے دفاع میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور معاونت کر سکیں۔
دیکھئیے: بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر خودکش حملہ، فائرنگ کا تبادلہ جاری