پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں 6 ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم کے بجائے انتخابی اصلاحات کی جائیں اور الیکشن کرائے جائیں۔
نجی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے خود کبھی الیکشن نہیں جیتے۔ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہونی چاہیے۔ ملک کے اصل مسائل، خاص طور پر معاشی مشکلات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول نے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا، تاہم کہا کہ اس میں اپوزیشن سے مشاورت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے سیاسی اعتماد بحال کرنے کے لیے اپوزیشن کو مخصوص نشستیں واپس دینے کی تجویز بھی دی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ آج بھی وزیراعظم شہباز شریف کی کامیابی چاہتے ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اور جمہوری طریقے سے نظام کو بہتر بنایا جانا چاہیے۔
دیکھیے ؛ بلاول پہلے سندھ کا حساب دیں، پھر دوسروں کو نصیحت کریں، خواجہ آصف





