امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان چین کے شہر شینزن میں ہونے والی پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات مکمل ہوگئی۔ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول، ایران اور یوکرین کی جنگوں سمیت عالمی امن اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ اس دوران جوہری ہتھیاروں کے خطرات کم کرنے اور عالمی تنازعات کے حل کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
شی جن پنگ کا مطالبہ
چینی صدر شی جن پنگ نے ملاقات میں جوہری ہتھیاروں پر مکمل پابندی عائد کرنے اور انہیں ختم کرنے پر زور دیا۔ چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ جوہری جنگ نہ تو جیتی جاسکتی ہے اور نہ ہی اسے کبھی لڑا جانا چاہیے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے جوہری جنگ کے خطرے کو روکنے کے لیے عالمی طاقتوں کے درمیان تعاون اور مؤثر رابطوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ٹرمپ اور پیوٹن کا مؤقف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا، روس اور چین جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے اور ان کے استعمال کے خطرات محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس ملاقات کو تاریخ ساز قرار دیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ تینوں ممالک پر عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنے کی مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی تنازعات کے ساتھ توانائی کے تحفظ پر بھی بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
جنگیں بھی زیر بحث
ملاقات میں ایران اور یوکرین کی جنگیں بھی اہم موضوعات میں شامل رہیں۔ ٹرمپ نے ایران اور جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کو اہمیت دی، جبکہ پیوٹن کی توجہ یوکرین جنگ اور اس کے خاتمے سے متعلق امور پر رہی۔
چینی صدر نے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور اعلیٰ سطحی رابطوں کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔
تینوں عالمی رہنماؤں کی اس ملاقات کے اختتام پر کسی بڑے معاہدے یا ٹھوس پیش رفت کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ تاہم امریکا، چین اور روس کے صدور کی ایک ہی میز پر ملاقات کو عالمی سفارت کاری میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





