طالبانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 16 اور 17 نومبر کو کابل یونیورسٹی میں ہونے والے علما کے ایک اجتماع نے ملا ہیبت اللہ کو شیخ الاسلام قرار دے دیا ہے۔ ملا ہیبت اللہ کا یہ اقدام ان کی ہوسِ اقتدار اور شخصیت پرستی کی علامت ہے۔ اسلام کی 1448 سالہ تاریخ میں کسی شخص نے خود کو اس لقب کے لیے پیش نہیں کیا۔ ہمیشہ عالمِ اسلام کے اہلِ علم نے کسی کے علمی مقام سے متاثر ہو کر اس لقب کے ذریعے اس کے علمی مقام کا اعتراف کیا۔ شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی سمیت، جب بھی کسی شخصیت کو یہ لقب دیا گیا، اس نے انکساری سے کام لیتے ہوئے خود کو دین کا طالب علم قرار دیا اور کہا کہ وہ اس لقب کا مستحق نہیں۔
ملا ہیبت اللہ اسلامی تاریخ کا واحد عجوبہ ہیں کہ جس نے ریاستی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے من پسند لوگوں کو سرکاری بندوبست کے تحت جمع کیا اور انہیں مجبور کیا کہ وہ اسے شیخ الاسلام تسلیم کریں۔ اس سے بھی زیادہ مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ سرکاری بندوبست کے تحت پیش کی گئی اس تجویز کی باقاعدہ طور پر اس سرکاری اجتماع نے بھی منظوری نہیں دی۔ اس اجتماع میں موجود ذرائع کا انکشاف ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج حقانی نے اس پر شدید ردِعمل دیا اور اپنی تقریر میں کہا کہ اسلام میں فردِ واحد کو کوئی حق نہیں کہ تسلط قائم کرے۔ یہ بھی تسلیم کیا کہ بہت سے لوگوں کو ہیبت اللہ سے اختلاف ہے۔ اور نام لے کر منع کیا کہ ہیبت اللہ کی تعریفیں بند کرو، کام کرو، عوام کی حمایت کے بغیر یہ نظام ناکام ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اطلاع یہ ہے کہ سراج حقانی کی تقریر کے بعد حقانی گروپ سے تعلق رکھنے والے علما اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے، جسے دیکھتے ہوئے اس قرارداد پر علما کی رائے تک نہیں لی گئی، بس اپنے کنٹرولڈ میڈیا میں اعلان کر دیا کہ علما نے ہیبت اللہ کو شیخ الاسلام قرار دے دیا ہے۔‘
:شیخ الاسلام کے لقب کی حقیقت اور حیثیت
شیخ الاسلام کا لقب اسلام کی ابتدائی صدیوں سے ہی ایسے اربابِ علم و دانش کے اعترافِ علم کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جو اپنے عہد کے سب سے ممتاز عالم تھے اور اسلامی تعلیمات کے امام قرار پائے۔ امام ابن تیمیہؒ، امام ابن حجر عسقلانیؒ، امام ابن کثیرؒ، امام زکریا انصاریؒ جیسے علما اس کی مثال ہیں۔ یہ خالصتاً اہلِ علم کی جانب سے کسی صاحبِ علم کے اعلیٰ مقام و مرتبے کا اعتراف تھا۔
خلافتِ عثمانیہ نے اس لقب کو باضابطہ طور پر قانونی حیثیت دی۔ یہاں شیخ الاسلام سلطان کے مقرر کردہ اعلیٰ ترین مذہبی عہدیدار ہوتے تھے۔ عثمانی شیخ الاسلام کی قانونی حیثیت چیف جسٹس سے کچھ زیادہ ہوتی تھی، وہ خلیفہ سمیت پوری خلافت کی شرعی رہنمائی کرتا تھا، خلیفہ کے اقدامات کا جائزہ لے کر ان کے درست یا غلط ہونے کا بھی فیصلہ کر سکتا تھا۔ تاریخ میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ خلیفہ نے کوئی فیصلہ کیا اور شیخ الاسلام کا فتویٰ سامنے آنے پر واپس لے لیا۔ یہ ایک طرح سے خلیفہ اور ریاست پر مذہبی چیک تھا۔ (یہاں خود حکمران ہوتے ہوئے ہیبت اللہ یہ اختیار مانگ رہا ہے، چیک کہاں گیا؟) عثمانی شیخ الاسلام کے اختیارات میں فتویٰ جاری کرنا، شرعی و قانونی امور کی نگرانی، قاضیوں اور مذہبی اداروں پر نگرانی اور ریاست کی رہنمائی اور احتساب شامل تھا۔ خلافتِ عثمانیہ کے ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ بھی ختم ہو گیا۔ اس کے بعد سے یہ ایک لقب کی طرح ہم عصر علما کی جانب سے کسی ایک کے علم و عرفان کے اعتراف کے طور پر استعمال کیا جانے والا لقب ہے، لیکن کسی نے ہیبت اللہ کی طرح خود اپنے آپ کو شیخ الاسلام قرار دینے کی کوشش نہیں کی۔
ہیبت اللہ کیوں شیخ الاسلام بننا چاہتا ہے؟
یہ سوال اہم ہے کہ ہیبت اللہ خود کو شیخ الاسلام کیوں قرار دینے کے لیے بے تاب تھا کہ اس نے ازخود ہی سرکاری بندوبست سے اپنے آپ کو یہ اعزاز دے ڈالا۔ ایک حقیقت تو یہ ہے کہ ماہرینِ نفسیات کا دعویٰ ہے کہ احساسِ کمتری جب حد سے بڑھ جائے تو انسان خود ہی اپنے آپ کو معزز قرار دینے کے عارضے کا شکار ہو جاتا ہے۔ ماضی میں خود کو شیخ الحدیث اور پھر شیخ الحدیث القرآن قرار دینا ایسی علامتیں ہیں، جن کی موجودگی میں اس دعوے کو تسلیم کیا جا سکتا ہے، لیکن دوسرا اور اس سے بھی اہم مقصد ملا ہیبت اللہ کی ہوسِ اقتدار اور اختیارات کو اپنے ہاتھ میں مرتکز رکھنے کی مریضانہ روش ہے۔
ماضی قریب میں وہ وزیراعظم سے کابینہ کا اجلاس بلانے کا اختیار خود لے چکا ہے، وزرا سے فیصلوں کا اختیار چھین چکا ہے، افواج کے تقرر و تبادلے سے لے کر ادنیٰ درجے کے ریاستی اہلکاروں کے تقرر اور بجٹ جیسے تکنیکی مسائل تک موصوف اپنی گرفت میں لے چکے ہیں۔ اب اس ٹائٹل کے ذریعے انہوں نے عام جج کا فیصلہ سازی کا اختیار بھی ہتھیا لیا ہے اور عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے کہ بطور شیخ الاسلام وہ حق رکھتا ہے کہ جو چاہے شرعی تعبیر نافذ کر دے۔ اس ٹائٹل کی آڑ میں اپنے مخالفین کی گردنیں اڑانے کا اختیار، پورے ملک کو جبراً اپنی پسند کی فقہ پر مجبور کرنے کا اختیار حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، یہی اس کا مقصد تھا۔
طالبان کے اعلیٰ تعلیمی حکام کے تحت منعقد اس اجتماع نے علما کو ان کے احکامات کی توثیق کے لیے اکٹھا کیا۔ ایک ایسے شخص کو تاریخی علمی خطاب دینا جو پہلے ہی امیر المومنین کا رتبہ رکھتا ہے، ایک غیر مبہم پیغام بھیجتا ہے کہ مذہبی اتھارٹی اور سیاسی طاقت ایک ہی شخص میں مرکوز ہیں۔ اخوندزادہ کی دارالحکومت میں موجودگی اور ہجوم سے ان کا خطاب کوئی شک کی گنجائش نہیں چھوڑتا کہ ان کی قیادت کی اطاعت غیر مشروط ہے۔
:ہیبت اللہ کا بطور شیخ الاسلام خطاب
ملا ہیبت اللہ نے کابل یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں مسلکوں کی کثرت ختم ہو چکی ہے، اب انہوں نے راستہ منتخب کر لیا ہے اور سب لوگ حنفی مسلک کی پیروی کریں گے، فقہ شافعی پر عمل کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان عدالتوں کے تمام فیصلے اب یکساں ہو چکے ہیں اور یہ ان کے حکم و فیصلے کا نتیجہ ہے۔ طالبان کے سپریم لیڈر نے گروپ سے وابستہ ملاؤں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان کی حکمرانی کی مضبوطی سے حمایت کریں اور اسے برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن ذریعے سے کوشش کریں۔ اخوندزادہ نے اپنی تقریر کے ایک حصے میں طالبان ارکان میں اندرونی اختلافات کے ابھرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور ملاؤں و گروپ کے ارکان سے اپنے اتحاد کو برقرار رکھنے اور طالبان نظامِ حکومت کی حمایت میں مضبوطی سے کھڑے رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ججوں کو حکم دیا کہ تمام موت اور سخت سزاؤں کے فیصلے پہلے ان کے پاس منظوری کے لیے آنے چاہئیں۔
اس موقع پر ہیبت اللہ کی جانب سے ایک گھنٹہ دس منٹ طویل خطاب کا ایک ایک لفظ یہ ثابت کرنے کو کافی ہے کہ ہیبت اللہ شیخ الاسلام تو کجا، جائز مسلم حکمران کہلوانے کا مستحق بھی نہیں۔ ان کے اس خطاب کا ایک ایک لفظ اعلان کر رہا ہے کہ یہ شخص ایک فرقہ پرست متشدد تو ہو سکتا ہے، شیخ الاسلام جیسے بلند و بالا منصب کا مستحق قطعاً نہیں۔ جو شخص اپنی تعبیرات کے سوا اسلام کے کسی دوسرے فقہی مفہوم کو تسلیم ہی نہ کرتا ہو، بلکہ اسے جرم قرار دے رہا ہو، وہ شیخ الاسلام تو رہا ایک جانب، وہ فقہ حنفی کا ایک مفتی تک بننے کا حق نہیں رکھتا، کیونکہ فقہ حنفی سب سے معتدل اور پریکٹیکل تشریح ہے، جس میں جبر کی نفی ہر ہر قدم پر موجود ہے۔
موصوف کے خطاب کا سرسری جائزہ لیا جائے تو انہوں نے اپنے خطاب میں قرآنی آیات اور احادیثِ مبارکہ کو اپنے اقتدار کے لیے غلط طور پر استعمال کیا اور اعلان کر دیا کہ ’’قوم کی حیثیت بھیڑوں کے گلے کی ہے، جس کا چرواہا امیر ہے۔‘‘ یہاں چرواہے کی اصطلاح خدمت گزار اور محافظ کے طور پر استعمال کی گئی ہے کہ جس طرح ایک چرواہا اپنی بھیڑوں کی ہر ضرورت کا ذمہ دار ہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں ہونے دیتا، امیر کی بھی یہی ذمہ داری ہے۔ یعنی فقہا نے امیر کی ذمہ داری کا احساس دلانے کے لیے چرواہے کے الفاظ استعمال کیے، لیکن ملا ہیبت اللہ نے ’’مالک‘‘ کے معنی میں اسے اختیار کیا اور عوام کو اپنی ملکیت یعنی غلام قرار دے ڈالا اور کھلا اعلان کیا کہ کسی کو ہیبت اللہ کی مرضی کے بغیر مسلک اور فقہ اختیار کرنے کا بھی حق نہیں ہے۔ یہ اس کا سو فیصد خلافِ اسلام اقدام ہے، بلکہ اسلام کی تعلیمات سے کھلی بغاوت ہے۔
دوسرا اعلان اس نے یہ کیا کہ پہلے سے ہی اپنے احکامات کی پابند مجبور عدلیہ کو فیصلہ کرنے کا جو معمولی اختیار حاصل تھا، وہ بھی چھین لیا اور اعلان کیا کہ ہر قاضی اپنا فیصلہ ہیبت اللہ کی منظوری کے بعد جاری کرے گا۔ یہ اعلان بھی سو فیصد اسلام کی تعلیمات، بلکہ آقا سیدنا محمد ﷺ کے احکامات اور فیصلوں سے بغاوت ہے۔ آپ ﷺ نے مدینہ کے یہودیوں کے ساتھ معاہدے کیے اور انہیں عبادات تک کی آزادی دی۔ نجران کے مسیحیوں کا وفد آیا تو انہیں عبادت کے لیے مسجد نبوی تک میں اجازت دے دی۔ اور یہ ہیبت اللہ کہہ رہا ہے کہ یہ فقہ حنفی کے سوا کسی دوسرے امام کی فقہ کے تحت کسی کو نماز نہیں پڑھنے دے گا۔ یہ کہاں کا اسلام ہے؟ یہ تو خود امام ابو حنیفہ کی تعلیمات سے بغاوت ہے۔ ہیبت اللہ جو کچھ کہہ اور کر رہا ہے، یہ قطعاً اسلام یا فقہ حنفی نہیں ہے، یہ کوئی نئی خود ساختہ قندھاری فقہ تو ہو سکتی ہے، اسلام یا فقہ حنفی کے تحت اسلام کی تعبیر نہیں۔
ججز سے فیصلے کا اختیار لے کر اپنی ذات تک محدود کر دینا، اسلام کی روحِ عدل کے منافی، بلکہ اس کا قتلِ عام ہے۔ اسلامی نظامِ عدل میں سیدنا ابو بکرؓ سے لے کر سیدنا علی المرتضیٰؓ تک ہر خلیفہ قاضی یعنی عدلیہ کو جواب دہ رہا ہے، بلکہ سیدنا عمرؓ اور سیدنا علیؓ جیسی جلیل القدر شخصیات عدالتوں میں پیش ہوئیں، کارروائی کا حصہ بنیں اور ان کے خلاف فیصلے بھی آئے اور انہوں نے وہ فیصلے تسلیم کیے۔ اگر فیصلے کا اختیار ہی حکمران کو دے دیا جائے تو حاکم کے عدلیہ کے تابع ہونے یا احتساب کا کیا جواز رہ جاتا ہے؟ اپنی تقریر کے دونوں ہی اعلانات یہ ثابت کرتے ہیں کہ شیخ الاسلام تو ایک بہت بڑا عہدہ ہے، ملا ہیبت اللہ تو یہ عام حکمران بننے کے بھی اہل نہیں ہیں۔
:فقہ حنفی کی پابندی اور دیگر پر پابندی کے اثرات
ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے حالیہ اجتماع میں واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں صرف فقہ حنفی کی پیروی لازمی ہے، جبکہ فقہ شافعی پر عمل کرنا ناجائز اور خلافِ قانون ہے۔ یہ فیصلہ محض مذہبی یکسانیت کا دعویٰ نہیں بلکہ ایک سیاسی و مذہبی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد افغانستان میں مذہبی تنوع کو مکمل طور پر ختم کرنا اور طالبان کے تحت ایک سخت گیر، مرکزی مذہبی نظام قائم کرنا ہے۔ اس فیصلے کا ظاہری مقصد یہ ہے کہ عدالتی نظام، عبادات اور تعلیمی اداروں میں اختلافات ختم کر کے ایک ہی جبر پر سب کو چلایا جائے۔ اخوندزادہ نے خود کہا کہ امیر فقہا کی آرا میں سے ایک کو منتخب کرتا ہے اور اسے نافذ کرتا ہے۔ اس کے پیچھے بڑا مقصد اپنی مطلق العنان حیثیت کو مزید مضبوط کرنا اور کسی بھی قسم کی مذہبی یا فقہی مخالفت کو غیر قانونی قرار دینا ہے۔
یہ اعلان دراصل سلفیوں، اہلِ تشیع اور ہزارہ مسلمانوں کے خلاف کھلا اعلانِ جنگ ہے۔ اب ان کے خلاف کارروائی کے لیے کسی اضافی جواز یا بہانے کی ضرورت نہیں رہی۔ صرف ہیبت اللہ کا یہ حکم کافی ہے کہ ان مسالک کے پیروکاروں کو ’’خلافِ شریعت‘‘ قرار دے کر ان کی مساجد، مدرسے، تعلیمی ادارے اور دیگر مراکز بند کیے جا سکیں۔ سب سے بڑا اور فوری نتیجہ یہ ہوگا کہ ان اقلیتوں کے خلاف کارروائی بے رحمی سے تیز ہو جائے گی۔ ان کی مساجد پر قبضہ کیا جا سکتا ہے، ان میں عبادت کا حق چھین لیا جا سکتا ہے اور ان کے علما و طلبہ پر پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
یہ پالیسی نہ صرف مذہبی آزادی کا خاتمہ کرے گی بلکہ افغانستان میں فرقہ وارانہ تناؤ کو مزید بڑھا دے گی۔ ہزارہ، سلفی اور شیعہ برادریاں جو پہلے ہی پابندیوں کا شکار ہیں، اب قانونی طور پر بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔ یوں یہ فیصلہ طالبان حکومت کو ان اقلیتوں کے اداروں پر قبضے اور ان کی مذہبی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا باضابطہ جواز فراہم کرتا ہے۔ ہیبت اللہ کے اس اعلان کو اگر جنوری 2026 میں جاری کردہ مجموعۂ قوانین کی روشنی میں دیکھا جائے تو ایک نہایت خوفناک تصویر سامنے آتی ہے، کیونکہ اس قانون کی شق 13 میں جن لوگوں کو مصلحت یعنی بلا جرم قتل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، ان میں ذیلی دفعہ 1 کے تحت مسلسل فساد پھیلانے والا شامل ہے، جبکہ وہ فقہ حنفی کے سوا سب کو گزشتہ روز فساد قرار دے چکے ہیں۔
ذیلی شق 2 کے تحت فساد کی کوشش کرنے والا، ذیلی شق 4 کے تحت باطل عقیدے کا دفاع کرنے والا، ذیلی شق 5 کے تحت باطل عقیدے کی تعلیم اور دعوت دینے والا بھی اس کا مستحق ہے کہ اسے صرف مصلحت کے تحت سزائے موت دے دی جائے۔ اب جبکہ وہ فقہ حنفی کے بھی صرف اپنی پسند کے ورژن کو حق قرار دے چکے ہیں تو باقی سب باطل اور فساد قرار دیا جا چکا ہے، لہٰذا اب ہر سلفی، ہر شیعہ اور ہزارہ واجب القتل ہوگا۔
:ہیبت اللہ کا نیا روپ اور القاعدہ
ملا ہیبت اللہ خود کو شیخ الاسلام قرار دے کر یہ اعلان کر رہے ہیں کہ فقہ شافعی پر عمل کرنا جرم ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنے ان قوانین اور احکامات کا نفاذ القاعدہ، ای ٹی آئی ایم اور دیگر عرب اور عالمی دہشت گردوں پر بھی کریں گے؟ کیونکہ القاعدہ کا سرکاری مسلک ہی سلفی ہے، یعنی وہ شافعی بھی ہیں، مالکی بھی اور حنبلی بھی۔
- کیا ہیبت اللہ اسامہ بن لادن کے شافعی بیٹے حمزہ بن لادن کے خلاف کارروائی کریں گے؟
- کیا شافعی مسلک کے حامل سیف العدل کے خلاف بھی یہی قانون نافذ ہوگا؟
- کیا کابل میں موجود ای ٹی آئی ایم کے سربراہ عبدالحق ترکستانی کے خلاف کارروائی ہوگی جو مالکی ہیں؟
- کیا پنجشیر کے گورنر گل آغا کے خلاف کارروائی ہوگی جو شافعی ہیں؟
- القاعدہ کے تمام غیر ملکی دہشت گرد جن کی بنیاد پر ہیبت اللہ نے افغانستان پر اپنا تسلط قائم کیا ہے، وہ سب شافعی ہیں، حنبلی یا مالکی، ان کے معاملے میں کیا ہوگا؟
یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ ملا ہیبت اللہ یہاں وہی پرانی منافقت سے کام لیں گے کہ افغانیوں کا جن بنیادوں پر قتلِ عام کر رہے ہیں، القاعدہ کو اس سے استثنا حاصل ہوگا۔ بالکل اسی طرح جس طرح اپنی کتاب عقیدہ اہلِ سنت میں انہوں نے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانا جرم قرار دیا ہے اور مسلمانوں کی قاتل ٹی ٹی پی کو گود میں بٹھا رکھا ہے۔
اس سلسلے کی اگلی قسط آئندہ منگل کو شائع ہوگی۔





