مقبوضہ کشمیر: بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر کشمیری عوام نے پاکستان کو اپنا دوست اور بھارت کو قابض و غاصب قرار دے کر مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ بھارت کے یومِ آزادی 15 اگست کو غلامی کی یاد قرار دیتے ہوئے اس مرتبہ پھر یومِ سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بہادر کشمیریوں سے 15 اگست کو مکمل ہڑتال کی اپیل کردی ہے۔ جس دن بھارت اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے، وہ دن کشمیری عوام کے لیے سفاکیت و مظالم کی ایک ظالمانہ یاد ہے۔
حریت کانفرنس نے اعلان کیا کہ ہم اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ عالمی برادری کو باور کراسکیں کہ ہماری بہادر قوم بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے برسر پیکار ہے۔
کشمیری رہنماؤں کے مذکورہ اعلان کے فوراً بعد بھارتی فورسز نے اپنی سفاکانہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے چھاپے مارنا شروع کردیے، بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا اور موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔
اس جبر و استبداد کے باوجود کشمیری نوجوانوں نے جگہ جگہ یومِ سیاہ کی نسبت سے سیاہ جھنڈے اور پاکستانی پرچم لہرانا شروع کردیے۔
مقبوضہ کشمیر کے متعدد علاقوں میں بھارتی جارحیت و غاصبانہ قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق شدید نعرے بازی بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب حریت رہنماؤں نے 14 اگست کو پاکستان کے یومِ آزادی کو یومِ تشکر کے طور پر منایا اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد دی، جوکہ باہمی محبت کی ایک واضح مثال ہے۔