ملک بھر میں آج 78واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، قوم آج یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گا۔
رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔
پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا۔
شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پاکستان مونومنٹ میں مرکزی تقریب کا انعقاد
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔
پرچم کشائی کی تقریب میں اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، علاقائی لباس میں ملبوس بچوں نے وزیراعظم کو پاکستان مونومنٹ آمد پر پھول پیش کیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی، یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔
پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔
بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف معرکہ حق میں حالیہ فتح نے اس سال یوم آزادی کی تقریبات کے لیے قوم کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے۔
عمارتوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم لہرا رکھے ہیں۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے آج پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے الگ الگ پیغامات میں ملک و قوم پر متحد ہونے پر زور دیا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا: ’میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے تحریکِ آزادی کے دیگر پرعزم قائدین اور کارکنان کے ساتھ مل کر قوم کو ایک وژن، ایک مشن اور ایک مقصد کے تحت متحد کیا۔ ان کی انتھک جدوجہد نے تاریخ کا دھارا بدل دیا اور ایک آزاد، نظریاتی ریاست کے قیام کے ذریعے بظاہر ناممکن دکھائی دینے والے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا کی مسلط کردہ چار روزہ جنگ میں معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح نے نہ صرف ہماری آزادی کے تقدس کو مزید مضبوط کیا بلکہ قوم کے دلوں میں ایک نیا جذبہ، ولولہ اور قومی روح کو بیدار کر کے اس یوم آزادی کا فخر اور جوش کئی گنا بڑھا دیا۔‘
I extend my heartfelt felicitations to the nation on completion of 78 years of independence of Pakistan.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 14, 2025
I pay tribute to Father of the Nation, Quaid-i-Azam Muhammad Ali Jinnah, and the Thinker of Pakistan, Allama Muhammad Iqbal, who along with other resolute leaders and…
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی 78ویں یومِ آزادی کے موقعے پر ملک میں اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سال ہم یوم آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ امید کے ساتھ منا رہے ہیں۔‘
صدر مملکت نے کہا کہ’ انڈیا کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘
President of the Islamic Republic of Pakistan @AAliZardari's message on the occasion of 78th Independence Anniversary of Pakistan.#IndependenceDay#HumSabKaPakistan
— PPP (@MediaCellPPP) August 14, 2025
Read More: https://t.co/wCZXOrC9NB pic.twitter.com/J870Acsc1J
پاکستان کی مسلح افواج نے بھی قوم کو ملک کے 78ویں یوم آزادی کے موقعے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا: ’مسلح افواج ان رہنماؤں، مدبر سیاست دانوں اور جانباز سپاہیوں کو پُرعقیدت سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے ہمارے وطن کی بنیادیں رکھیں اور ان کے ورثے کو گہری عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ یاد رکھتی ہیں۔‘
مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات
یوم آزادی پر بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد کی گئی، تقریب میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ نے پرچم کشائی بھی کی۔
دریں اثنا، لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، پاک رینجرز اور فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستانی قوم کو مبارکباد
امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بیان میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا امریکا پاکستان کی انسداد دہشت گردی اور تجارت کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں۔ جیسے کہ قیمتی معدنیات اور ہائیڈرو کاربنز کو تلاش کرنے کے منتظر ہیں ۔