تہران: ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے 15 نکاتی جنگ بندی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ سیز فائر کا فیصلہ صرف تہران کی شرائط اور ٹائم لائن کے مطابق ہوگا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران کسی دباؤ میں آ کر جنگ بندی قبول نہیں کرے گا اور کسی بھی معاہدے کیلئے اپنی شرائط کو ترجیح دے گا۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے جنگ کے خاتمے کیلئے پانچ بنیادی شرائط بھی پیش کی ہیں، جن میں حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کا مکمل خاتمہ، دوبارہ جنگ نہ ہونے کی ضمانت، نقصانات کا ازالہ (ہرجانہ)، آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری کا اعتراف اور خطے میں اتحادی گروہوں پر حملے بند کرنا شامل ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ایران دفاعی پوزیشن پر نہیں بلکہ مضبوط مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی معاہدے کیلئے اپنے مفادات کا مکمل تحفظ کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا سخت مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے میں کشیدگی فوری طور پر کم ہونے کے امکانات محدود ہیں، جبکہ دونوں فریقین کے درمیان اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔
دیکھئیے:پاکستان کی نیت پر شبہ نہیں مگر امریکا اور اسرائیل کی سفارتی باتیں ناقابلِ اعتبار ہیں: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ