اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایک اہم سفارتی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے قبضے میں لیے گئے ایک بحری جہاز پر موجود 11 پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن ہو گئی ہے۔ اس آپریشن کے نتیجے میں پاکستان نہ صرف اپنے شہریوں کو بلکہ برادر ملک ایران کے بھی 20 شہریوں کو رہا کرانے میں کامیاب رہا ہے۔
پاکستانی اور ایرانی محبوس شہریوں کی واگزاری اور سفری انتظامات میں سنگاپور کی حکومت نے انتہائی متحرک اور قریبی تعاون فراہم کیا۔ تمام 31 متاثرہ افراد اس وقت اپنے وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہیں۔ طے شدہ روٹ کے تحت یہ شہری سنگاپور سے پہلے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک پہنچے، جہاں سے پاکستانی ملاح اور مسافر اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں۔
اسحاق ڈار نے اس پیچیدہ اور حساس سفارتی معاملے کو حل کرنے کے لیے سنگاپور کے وزیرِ اعظم، حکومت اور وزیرِ خارجہ کا مسلسل رابطے میں رہنے اور بھرپور مدد کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے قریبی اور مثبت تعاون کی بدولت ان شہریوں کی فوری رہائی کی راہ ہموار ہوئی۔
نائب وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اس پورے عمل کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا پاکستانی سفارتی کوششوں پر بھرپور اعتماد اور تال میل قابلِ قدر رہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایرانی بھائیوں کی تہران واپسی کے لیے بھی تمام ضروری سفری سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
دیکھئیے:دوحہ میں اہم پیش رفت، قطر اور ترکیہ کا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی ثالثی پر اظہارِ اعتماد