اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے آج 27 نومبر بروز جمعہ مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کیبنٹ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹی فکیشن جاری کر دیے ہیں۔
اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع وزارتوں اور سرکاری اداروں میں تعطیل کے بجائے ورک فرام ہوم ہوگا۔ افسران اور عملے کو ہنگامی صورت حال میں طلب کیے جانے پر دفاتر میں حاضر ہونا ہوگا، جبکہ وفاقی دارالحکومت کے باقی علاقوں میں مقامی تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی 27 نومبر کو ضلع بھر میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ تاہم بورڈز کے امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق مقامی تعطیل کے باعث پولیس خدمت مراکز میں لائسنس سے متعلق تمام سہولیات عارضی طور پر معطل رہیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات حاصل کرنے کے خواہش مند شہری پولیس خدمت مرکز ایف سکس اور پولیس خدمت مرکز کیسکیڈ، ڈپلومیٹک انکلیو سے رجوع کر سکتے ہیں۔





