پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں لہذا کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں اساتذہ اور طلبا سے ہونے والی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے افواجِ پاکستان اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکے ہیں۔ لہذا پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
اس موقع پر اساتذہ و طلبا سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف نے پاک۔ افغان تعلقات، سیکیورٹی حالات اور درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ مذکورہ تقریب میں ایبٹ آباد کے مختلف اداروں کے اساتذہ و طلبا نے شرکت کی، شرکا نے سرحدی محافظوں کی قربانیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام اللہ نے وطن سے محبت اور قربانی کی حقیقی علامت پاک فوج کو قرار دیا ہے جو ہر محاذ پر ملک وملت کے لیے جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
دیکھیں: بلوچستان کے دہشت گرد کمانڈر کے علاج میں ملوث دو ڈاکٹر گرفتار
 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
								