کابل میں ایک اہم ملاقات کے دوران ازبکستان نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ازبک وفد نے افغانستان کے قائم مقام وزیر اعظم حسن اخند سے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
ازبکستان نے اس ملاقات کو برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا ایک مؤثر موقع قرار دیا۔ بات چیت میں تجارت، انسانی امداد، اور خطے میں رابطوں کے فروغ کے موضوعات کو مرکزی حیثیت حاصل رہی۔
اس ملاقات کا ایک اہم پہلو ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے منصوبے کے حوالے سے فریم ورک معاہدے پر دستخط تھا۔ یہ معاہدہ وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان رابطے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
ازبک حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی اور تعلیم جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ازبکستان کا ماننا ہے کہ افغانستان کو سنٹرل اور ساؤتھ ایشیا کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ازبکستان کی اس سفارتی پیش رفت کو علاقائی ہم آہنگی، اقتصادی ترقی اور پائیدار امن کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
دیکھیں: افغانٹرانس افغان ریلوے منصوبہ: پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا