پاکستان نے بحری تجارت کی تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کراچی پورٹ کو 138 سالہ تاریخ میں پہلی بار عید کے روز مکمل طور پر فعال رکھا۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ اور جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ عید کی تعطیل کے باوجود بلا تعطل جاری رہا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق اس تاریخی فیصلے کا مقصد ملکی برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنا اور عالمی سپلائی چین میں کسی بھی ممکنہ تاخیر کا سدباب کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور اقتصادی چیلنجز کے پیش نظر تجارت کے تسلسل کو برقرار رکھنا وقت کی ضرورت ہے، اسی لیے بندرگاہ کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Pakistan runs Karachi Port on Eid for first time in 138-year history https://t.co/oKs4xnc7hY
— Waseem Abbasi (@Wabbasi007) March 22, 2026
عید کے روز کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز سمیت تمام کلیدی ٹرمینلز پر آپریشنز معمول کے مطابق رہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران، کسٹمز حکام اور ڈاک ورکرز نے اپنی عید کی چھٹیاں قربان کرتے ہوئے ڈیوٹی سرانجام دیں تاکہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ سے سامان کی ترسیل کا عمل متاثر نہ ہو۔ ماہرین اس اقدام کو پاکستان کی ‘بلیو اکانومی’ کی مضبوطی اور بندرگاہوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔