بلوچستان کے علاقے کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے دو افراد کو اغوا کر لیا۔ واقعہ 24 جولائی 2026 کو پیش آیا، جب دہشت گردوں نے سامان رسانی کی ایک کمپنی سے تعلق رکھنے والے دو ملازمین کو کھڈ کوچہ کے علاقے سے اغوا کیا۔
اغوا کاروں نے دونوں افراد کو کلی انجیری کے علاقے کی جانب منتقل کر دیا۔ اغوا شدگان میں جان محمد، رہائشی ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ، اور ساجد علی، رہائشی مومن آباد کوئٹہ شامل ہیں۔
دونوں افراد کا مستقل پتہ بھارہ کہو، اسلام آباد بتایا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ کمپنی کی شہ زور گاڑی بھی اغوا کاروں کے قبضے میں چلی گئی۔ 26 جولائی کو اغوا کاروں نے کوریئر کمپنی کے مالک محمد عمران سے رابطہ کیا۔
فون کال کے دوران دونوں اغوا شدگان کی رہائی کے بدلے ڈھائی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ اغوا کاروں نے تاوان ادا نہ کرنے کی صورت میں دونوں افراد کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
تاحال اس واقعے پر سیکیورٹی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔