افغانستان کے صوبے کنڑ میں ہونے والے فضائی حملے کے بعد ایک مقامی افغان خاتون کا اہم ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔ یہ ویڈیو افغان میڈیا آؤٹ لیٹ الخبیر نے جاری کی ہے، جس نے طالبان حکام کے شہری ہلاکتوں سے متعلق موقف کو چیلنج کر دیا ہے۔
ویڈیو میں کنڑ کے پٹان گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون نے بتایا کہ جس مقام کو نشانہ بنایا گیا، وہاں مشتبہ پاکستانی شہری اور ان کے افغان ساتھی مقیم تھے۔ خاتون کے مطابق افغان طالبان نے ان افراد کو ایک سال سے زائد عرصے سے اس علاقے میں آباد کر رکھا تھا۔
مقامی آبادی نے کئی بار طالبان سے ان افراد کی منتقلی کا مطالبہ کیا۔ علاقہ مکینوں کا مؤقف تھا کہ ان کی موجودگی سے سکیورٹی صورتحال کشیدہ رہتی ہے اور فضائی کارروائیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ہلاکتوں کی تفصیلات
خاتون نے بتایا کہ بمباری ان کے گھر کے بالائی علاقے میں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق کارروائی میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر وہی افراد شامل تھے جنہیں طالبان نے وہاں پناہ دے رکھی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے وقت ان کا بیٹا مویشیوں کے ہمراہ پہاڑوں پر موجود تھا، جس کے باعث وہ ابتدائی طور پر اس کی سلامتی کے حوالے سے شدید پریشان تھیں۔ بعد ازاں ان کا بیٹا رات کو بحفاظت گھر واپس پہنچ گیا۔
مقامی عینی شاہد کا یہ بیان طالبان کے اس باضابطہ موقف سے مختلف ہے، جس میں حملے میں صرف عام شہریوں کے نشانہ بننے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خاتون کے انکشافات نے جائے وقوعہ پر موجود افراد کی اصل شناخت کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
دیکھیے: طالبان کا شہری ہلاکتوں کا بیانیہ: سرحد پار دہشت گردی چھپانے کی مذموم کوشش





