تہران 15جولائی2025: منگل کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں جانبین نے باہمی دلچسپی، تجارتی تعاون اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان نے مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی حملوں اور 12 روزہ کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کی مخلصانہ حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین لمحات میں پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے دی گئی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا کردار عالم اسلام کے سامنے بڑا نمایاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف امت مسلمہ کو متحد اور یکجا ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے، ایرانی صدر کا کہنا تھا ہمسایہ ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید پختگی کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں باہم روابط کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
محسن نقوی نے ایرانی صدرکو مبارکباد پیش کی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کو ناکام بنانے پر ایران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ایران کی ایک عظیم کامیابی تھی کہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں اسرائیلی ریاست کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔
دورانِ ملاقات پاک۔ ایران سرحدی سلامتی، امن و استحکام، اسمگلنگ کی روک تھام اور خطے کی حالیہ صورتحال جیسے اہم مسائل پر گفگتو رہی۔