جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں امارت اسلامی افغانستان کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے افغان سفیر سردار احمد جان شکیب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حالیہ دنوں افغانستان میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ برادر ملک افغانستان مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں ہے اور پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے افغان عوام کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
افغان سفیر سردار احمد جان شکیب نے مولانا فضل الرحمان کے دورے اور ہمدردی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اظہارِ یکجہتی دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی اور جنرل سیکرٹری جے یو آئی بلوچستان سید آغا محمود شاہ بھی ہمراہ موجود تھے۔
دیکھیں: افغانستان میں تباہ کن زلزلہ: عالمی امداد کی آمد کا سلسلہ جاری