پاکستان اور چین نے جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ مذکورہ معاہدہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت طے پایا ہے جو ملک میں ہائی ٹیک سرمایہ کاری اور جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدام کی حیثیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان میں نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ مرکز تحقیق اور ماہرین کے تبادلے کے ذریعے پاکستان کو جدید کوانٹم ٹیکنالوجی کے عالمی منظر نامے پر ایک نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس اقدام کے ذریعے دونوں ممالک تحقیق، ٹیکنالوجی میں باہمی اشتراک کے ذریعے مزید ترقی کریں گے۔ چینی کمپنیوں کی شمولیت سے نہ صرف صنعتی و سائنسی شعبوں میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔