وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے، دہشتگردی کے معاملے پر گفتگو مستند حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشتگردی سے متعلق شواہد موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ دہشتگردی کا معاملہ ضرور زیر بحث آنا چاہیے، تاہم اس حوالے سے ہونے والی ہر بات ٹھوس شواہد پر مبنی ہونی چاہیے۔ محض الزامات لگانے کے بجائے حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے اثرات سب سے زیادہ پاکستان نے برداشت کیے ہیں، جبکہ پورا خطہ اس سنگین مسئلے سے متاثر ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشتگردی کے حوالے سے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشتگردی سے متعلق شواہد موجود ہیں، جن کا دونوں ممالک باہمی رابطے یا کسی مناسب فورم پر تبادلہ کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق دہشتگردی کے معاملے پر بات چیت حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔





