اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے بحرانوں کے پیشِ نظر پائیدار امن کی بحالی کے لیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے درمیان مضبوط اور مربوط تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تنظیمیں تنازعات کی روک تھام اور ثالثی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
فلسطین اور مقبوضہ علاقے
عاصم افتخار نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فلسطین، شام اور لبنان کے تمام مقبوضہ عرب علاقوں سے فی الفور طور پر انخلاء کرنا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کے بغیر خطے میں انصاف اور استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
#PakistanAtUNSC
— Permanent Mission of Pakistan to the UN (@PakistanUN_NY) April 3, 2026
Pakistan Calls for Stronger UN-League of Arab States Cooperation to Promote Peace and Stability in the Region
– Our Press Release today pic.twitter.com/n6WyAwsGRV
مذاکرات کا راستہ
عاصم افتخار احمد نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملوں اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق حالیہ کشیدگی کے بعد پورا خطہ ایک خطرناک دوراہے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں دشمنی کا مکمل خاتمہ اور مذاکرات کی میز پر واپسی ہی واحد راستہ ہے۔ مزید برآں انہوں نے دہشت گردی، منظم جرائم اور سائبر خطرات جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عرب لیگ، او آئی سی اور دیگر علاقائی تنظیموں کے درمیان قریبی اشتراکِ عمل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔