پاکستان کے معروف ریپر طلحہ انجم اپنے متنازعہ عمل کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے نیپال میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ نیپال میں طلحہ انجم اور ریپر طلحہ یونس کی ایک مشترکہ پروگرام کے دوران پیش آیا۔ طلحہ یونس نے حاضرین و سامعین کی محبتوں کے جواب میں نیپالی پرچم لہرا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ طلحہ انجم کے ہاتھ میں بھارتی پرچم دیکھے جانے کے بعد صورتحال نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا۔
طلحہ انجم کا مؤقف
تنقید کے بعد طلحہ انجم نے سوشل میڈیا پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ عمل محض “دوستی اور خیر سگالی کے اظہار کے لیے تھا۔ نیز میرا مقصد موسیقی کو سرحدات، قومیت یا سیاست سے بالا تر دکھانا تھا۔
سوشل میڈیا پر احتجاج
طلحہ انجم کی وضاحت نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث جنم دی ہے۔ ایک جانب تو ناقدین نے اس عمل کو قومی غیرت کے منافی قرار دیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب انکے مداحوں کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو ثقافتی سفارت کا موقع دیا جانا چاہیے اور موسیقی کو پیغامِ امن کے لیے ایک ذریعہ سمجھنا چاہیے۔
نیپال میں ردعمل
دیکھا جائے تو نیپالی شائقین نے اس عمل کو سراہا ہے۔ اکثر مداحوں نے اسے موسیقی کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی کو جوڑنے کا ایک اقدام قرار دیا ہے۔ تاہم یہ واقعہ دونوں ممالک کے سوشل میڈیا پر مرکزی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
دیکھیں: ترکی نے دہلی دھماکے سے متعلق بھارتی میڈیا کے الزامات مسترد کر دیے