ہم نیوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی کو مبینہ منی لانڈرنگ اور بیرونِ ملک مالی معاملات میں بے ضابطگیوں کے الزامات کے تحت سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
مالیاتی امور پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سامنے آنے والے تبصروں میں اس معاملے پر شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو، لندن اور ہیوسٹن میں منعقد ہونے والے ہم ایوارڈز کے وی آئی پی ٹکٹوں، اسپانسرشپ اور دیگر مدات میں جمع ہونے والے لاکھوں ڈالر اور پاؤنڈز کا سرکاری مالیاتی ریکارڈ واضح کیا جانا ضروری ہے۔
تبصروں میں اس امر پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ فیشن ویکس اور برائیڈل کاؤچر شوز کے انعقاد کے دوران لگژری گاڑیوں، ہیروں کے زیورات اور اشیا کے مبینہ تبادلے اور غیر ظاہر شدہ نقد رقم کے معاملات پر وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور کسٹمز حکام کو نوٹس لینا چاہیے۔ اسی طرح ہم ویمن لیڈرز ایوارڈز کے نام پر بینکوں اور کارپوریٹ اداروں سے جمع کی جانے والی رقم کے استعمال پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے اعداد و شمار کے حوالے سے صارفین نے نشاندہی کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ذیلی کمپنی کے واجب الوصول فنڈز 2024 میں 259 کروڑ روپے تھے، جو 2025 میں 84.5 فیصد اضافے کے ساتھ 477.9 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ ناقدین نے اس غیر معمولی اضافے کی وجوہات عوام کے سامنے لانے اور آزادانہ فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کارپوریٹ گورننس کے حوالے سے کیے جانے والے تبصروں میں برطانیہ میں ہونے والی سرمایہ کاری کے نقصانات اور انتظامی اخراجات کا موازنہ بھی زیرِ بحث آیا ہے۔ صارفین کے مطابق برطانیہ میں تقریباً 9.59 کروڑ روپے (95.92 ملین روپے) کے نقصان اور 11.28 کروڑ روپے کے واجبات کے باوجود چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے ماہانہ 1.89 کروڑ روپے اور سالانہ 22.72 کروڑ روپے کی تنخواہ و مراعات وصول کرنا پبلک لسٹڈ کمپنی کے اصولوں پر کئی سوالات کھڑے کرتا ہے۔
تبصرہ نگاروں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے بیرونِ ملک رقوم کی منتقلی اور ایوارڈز شوز کے مالی معاملات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔





