سکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک اہم ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس میں فتنۃ الہندوستان کا ایک اہم کمانڈر بھی مارا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے مربوط حکمتِ عملی کے تحت دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا تھا، جس کے بعد زمینی دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن مکمل کیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، سب مشین گنز، بھاری ہتھیار، دھماکا خیز مواد، مواصلاتی آلات، ادویات اور ان کا جھنڈا بھی برآمد ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشت گردی، بھتہ خوری، اغوا اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق پنجگور کا یہ آپریشن ردّالفتنہ 3 کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف جاری مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہے۔
سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز جاری رہیں گے۔
دیکھیے: بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، 15 خوارج ہلاک