وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم کے ترجمان نے اس ملاقات کو پرُامن اور خوشگوار قرار دیا۔ دورانِ ملاقات شہباز شریف نے امریکی صدر کی پاک بھارت جنگ روکنے اور قیامِ امن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مین آف پیس قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ سے درخواست کی کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی خاص طور پر فلسطین میں جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس ملاقات میں خطے کی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی اور توانائی شعبوں میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔
جمعرات کے روز امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وزیراعظم پاکستان واشنگٹن پہنچے۔ اوول آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif and Field Marshal Syed Asim Munir met with U.S. President Donald J. Trump at the Oval Office today.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 26, 2025
The Prime Minister lauded President Trump's "bold, courageous and decisive leadership" for facilitating the Pakistan-India ceasefire and… pic.twitter.com/Xy5hHsl2Nk
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ اس سے قبل غزہ کے معاملے پر اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بھی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات سے قبل پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ دو عظیم رہنماؤں سے ملاقات کرنے جارہے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں ہی بہترین شخصیات ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
دیکھیں: نیو یارک میں اقوام متحدہ کا 80واں اجلاس؛ شہباز شریف کی شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں