افغانستان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے ذاتی محافظ کو صوبہ بغلان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ قاری نور جان احمدزئی اپنے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے۔
افغان میڈیا اور مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ جمعہ 6 نومبر کو ضلع دند غوری میں پیش آیا۔ مقتول کی لاش ہفتے 7 نومبر کو سڑک کنارے سے ملی، جس پر گولیوں کے نشانات موجود تھے۔
افغان میڈیا کے مطابق مقتول کی شناخت قاری نور جان احمدزئی کے نام سے ہوئی ہے، جو طیب بدری کے عرفی نام سے بھی جانے جاتے تھے۔ ان کا تعلق بھی صوبہ بغلان کے ضلع دند غوری سے تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قاری نور جان اپنے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔





