کابل: طالبان حکومت نے اعلیٰ سطح پر اہم انتظامی و عسکری تبدیلیاں کرتے ہوئے دو کور کمانڈرز اور صوبہ قندوز کے گورنر کو تبدیل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کے حکم پر کی گئی ہیں، جن کے تحت مختلف عہدوں پر تقرریاں اور تبادلے عمل میں لائے گئے۔
حکم نامے کے مطابق قندوز کے گورنر الحاج ملا محمد خان دعوت کو 203ویں منصوری کور کا کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح 203ویں منصوری کور کے کمانڈر الحاج مولوی عبدالقیوم روحانی کو 207ویں الفاروق کور کا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب 207ویں الفاروق کور کے کمانڈر الحاج مولوی نصر اللہ متی کو تبدیل کر کے صوبہ قندوز کا نیا گورنر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تقرریاں طالبان کی اندرونی انتظامی حکمت عملی اور سکیورٹی معاملات کو مؤثر بنانے کے سلسلے کا حصہ ہیں، تاہم ان تبدیلیوں کی وجوہات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی صورتحال اور مزاحمتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث طالبان قیادت اپنے انتظامی و عسکری ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دے رہی ہے۔