روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ڈرون حملوں کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک ہی رات میں یوکرین کے 1,198 ڈرونز تباہ کردیے، تاہم حملوں کے دوران جنوبی روس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کے ڈرونز نے ملک کے 15 سے زائد علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جنوبی علاقے وولگوگراڈ کے ایک صنعتی زون میں ہونے والے حملے میں چار افراد جان سے گئے۔ اس علاقے میں تیل صاف کرنے کا کارخانہ اور کیمیائی فیکٹری بھی واقع ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے جمعرات کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے کئی گھنٹے طویل ملاقات کی، جس کے بعد وہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات چیت کے لیے ڈبلن روانہ ہوگئے۔
ادھر روس نے بھی جمعرات کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پر دھماکا خیز ڈرونز کی متعدد لہروں سے حملے کیے تھے، جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کی توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس سے شہری بنیادی سہولیات خصوصاً بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
موسم سرما کی آمد کے ساتھ یوکرین کے توانائی کے نظام پر بڑھتے حملے شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، جبکہ جاری سفارتی رابطوں کے باوجود جنگی کارروائیاں رکنے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔





