امریکا میں مواصلاتی نظام میں اچانک خرابی کے باعث ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کے بعد فضائی آپریشنز بحال ہونا شروع ہوگئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو سائبر حملہ قرار دینے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر اس کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے کوئی تعلق نہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث امریکا بھر میں ساڑھے چار گھنٹے تک فضائی آمدورفت معطل رہی، جس کے نتیجے میں 13 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جب کہ دنیا بھر میں 26 ہزار سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس دوران 3 ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں اور 15 لاکھ سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کے صحافی پیٹر ڈوسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ معاملہ سائبر حملے یا اے آئی سے متعلق دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے مطابق خرابی کی بنیادی وجہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا فرسودہ بنیادی ڈھانچہ ہوسکتا ہے، جس کا بعض سامان 50 سال سے بھی زیادہ پرانا ہے۔
ایف اے اے نے ملک بھر میں عائد گراؤنڈ اسٹاپ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پروازوں کی بحالی شروع کردی ہے۔ گراؤنڈ اسٹاپ کے تحت حفاظتی وجوہات کی بنا پر طیاروں کی روانگی عارضی طور پر روک دی جاتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی خرابی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی تصدیق کی کہ احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام پروازیں روک دی گئی تھیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے کہا ہے کہ واقعے کا مائیکروسافٹ سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا اور سائبر حملے کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تاہم حکام نے واضح کیا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ایف بی آئی بھی معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
امریکی حکام نے موجودہ صورتحال کو 11 ستمبر 2001ء کے حملوں جیسا واقعہ قرار دینے سے انکار کیا ہے۔ ان کے مطابق ملک گیر سطح پر فضائی آپریشنز روکنے کا یہ نائن الیون کے بعد دوسرا بڑا موقع ہے۔ جنوری 2023ء میں بھی تکنیکی خرابی کے باعث امریکا کی داخلی پروازیں دو گھنٹے سے کم وقت کے لیے معطل کی گئی تھیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی کانگریس نے گزشتہ سال فضائی مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم منظور کی تھی۔ اس کے باوجود حالیہ خرابی نے امریکی فضائی نظام کے پرانے بنیادی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔





