ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائف نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ان کے ملک کے دروازے کھلے ہیں اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ مذکورہ گفتگو انہوں نے آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو رئیس خان سے کراچی کے مقامی آڈیٹوریم میں ملاقات کے دوران کہی۔
رئیس خان نے اس موقع پر ازبک سفیر کو آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ادارہ فٹبال، ہاکی، کرکٹ، پیڈل، اسکواش، میراثن اور باکسنگ سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد ٹیلنٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو سامنےلانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھا سکیں۔
ازبک سفیر علی شیر تختائف نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں اسپورٹس کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور مختلف کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور کمپنیوں کے لیے ازبکستان میں کافی مواقع موجود ہیں، ویزے کی شرائط نرم کی گئی ہیں اور پاکستان سے براہِ راست فلائٹ بھی شروع ہو چکی ہے۔
دیکھیں: ایشیا کے بیشتر ممالک مون سون سے شدید متاثر؛ ہزاروں افراد ہلاک