پشاور۔دریائے سوات ۲جون ۲۰۲۵
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر پانی کی سطح ۷۷،۷۸۳ کیوسک تک پہنچنے کے بعد دریائے سوات میں انتہائی درجے کے سیلاب سےخبردارکردیاہے۔ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی اس خطرناک صورتحال کے پیشِ نظر پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے اضلاع کوخبردارکر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو جاری کردہ مراسلے میں انسانی جانوں، املاک، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ تمام اضلاع کو سیلاب سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں کی فوری نشاندہی کر کے وہاں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
نیز ریسکیو ۱۱۲۲،سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کو سیلاب سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ دریائے کابل کے اطراف میں آباد رہائشی آبادیوں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ضلعی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔نیز کیمپوں میں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فوری طور پر مہیا کی جائیں۔
کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ اپنے مویشیوں کو دریاؤں کے اطراف اور نشیبی علاقوں سے دور محفوظ ترین مقامات پر منتقل کریں۔ جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر اور ممکنہ سیلاب زدہ مقامات کی طرف جانےسے اجتناب کریں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سڑک بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں مشینری اور رضاکار اہم مقامات پر پہلے سے پہنچائے جائیں تاکہ فوری ٹریفک روانگی ممکن ہوسکے۔
پی ڈی ایم اے کا صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر پی ای او سی چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔