پاکستان تعاون خطے میں استحکام کا ضامن
امریکی سنٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا نے دہشتگرد تنظیم داعش خراسان (ISIS-K) کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان تعاون کو کلیدی قرار دیا ہے۔ انہوں نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک “شاندار شراکت دار” ہے، جس نے خطے میں دہشتگردی کے خلاف اہم کردار ادا کیا ہے۔
داعش خراسان کے اہم دہشتگرد گرفتار
جنرل کوریلا نے بتایا کہ طالبان کے دباؤ کے باعث افغانستان سے فرار ہونے والے داعش خراسان کے دہشتگردوں نے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں پناہ لی، تاہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان انٹیلیجنس اشتراک سے ان کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعاون کے باعث کئی اہم اہداف مارے گئے اور کم از کم پانچ اعلیٰ سطحی دہشتگردوں کو پاکستانی افواج نے امریکی انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا۔
انہوں نے خاص طور پر “جعفر” کی گرفتاری کا ذکر کیا، جو 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر ایبے گیٹ حملے میں ملوث تھا، جس میں 13 امریکی فوجی شہید ہوئے تھے۔ جنرل کوریلا کے مطابق، پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خود انہیں فون کر کے اطلاع دی اور فوری طور پر ملزم کی حوالگی کی پیشکش کی۔
“پہلا فون فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مجھے کیا، کہا: ‘میں نے اسے پکڑ لیا ہے، امریکہ کو حوالہ کرنے کے لیے تیار ہوں، براہ کرم سیکریٹری دفاع اور صدر کو اطلاع دیں’،” جنرل کوریلا نے کہا۔
پاکستان پر حملوں کی بھاری قیمت
داعش خراسان کے خلاف جنگ میں پاکستان تعاون کے باوجود پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔ صرف 2024 سے اب تک، پاکستان کے مغربی علاقوں میں 1,000 سے زائد دہشتگرد حملے ہوئے جن میں تقریباً 700 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 2,500 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔
جنرل کوریلا نے کہا کہ داعش خراسان نہ صرف پاکستان بلکہ روس، ایران اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں حملے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکہ پر ممکنہ حملوں کی تفصیلات ایک خفیہ بریفنگ میں دی جائیں گی۔
پاکستان تعاون عالمی امن کے لیے ضروری
جنرل کوریلا کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان تعاون نہ صرف خطے کے لیے بلکہ عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف کوششوں میں ایک فیصلہ کن عنصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط شراکت داریاں ہی عالمی امن کی ضمانت ہیں، اور پاکستان نے اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
https://htnurdu.com/12756/ دیکھیئے سفارتی ناکامی: بھارت کی یورپ میں پاکستان مخالف مہم ناکام