اسحاق ڈار کی کابل میں افغان وزیر اعظم ملا حسن آخوند سے اہم ترین ملاقات

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغان قیادت کی مہمان‌نوازی پر شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
اسحاق ڈار کابل میں

وزیراعظم آخوند نے پاکستان کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے

July 17, 2025

امارت اسلامی افغانستان کے وزیراعظم الحاج ملا محمد حسن آخوند سے آج سہ پہر پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے ہمراہی وفد نے کابل میں ملاقات کی، جو سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے کابل آئے تھے۔

یہ ملاقات ارگ کے گل‌ خانہ محل میں ہوئی جس میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی، وزیراعظم آفس کے سربراہ ڈاکٹر ملا عبدالواسع اور دونوں ممالک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغان قیادت کی مہمان‌نوازی پر شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے ملا حسن آخوند کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ دورے میں ہونے والے معاہدے کامیابی سے مکمل ہوئے اور ہم خوش ہیں کہ امارت اسلامی کی قیادت میں ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین تین ملکی ریلوے منصوبے کا معاہدہ طے پایا جو علاقائی تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران انہوں نے چینی حکام سے اس منصوبے کی حمایت کی درخواست کی ہے۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں تاکہ آنے والی نسلیں باہمی اخوت اور ہم‌دلی کے ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

جواباً افغان وزیراعظم ملا حسن آخوند نے شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آپ کا گزشتہ دورہ مثبت نتائج کا حامل تھا اور ہم دعا گو ہیں کہ یہ دورہ بھی کامیاب ثابت ہو۔

انہوں نے افغان مہاجرین کی واپسی سمیت دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کے مابین ہونے والا معاہدہ اہم سنگ میل ہے اور امارت اسلامی اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ دباؤ یا دھمکی سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ خلوص نیت، افہام و تفہیم، تعاون اور حسن ہمسائیگی سے ہی پائیدار حل ممکن ہے۔ آخر میں وزیراعظم آخوند نے پاکستان کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ مضامین

مولانا طیب قریشی نے دورۂ بونیر کے دوران پیغامِ امن کمیٹی کا نیٹ ورک خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک پھیلانے کا اعلان کیا ہے۔

November 22, 2026

محسن نقوی نے ایک وزیر کی مسلسل تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جواب دیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔

November 22, 2026

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے دہشتگردی کے خلاف قربانیوں، افغانستان سے حملوں اور عالمی پابندیوں کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔

November 22, 2026

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ایسا مستقل جوہری معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے جسے مستقبل کا کوئی امریکی صدر تبدیل نہ کر سکے۔

November 22, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *