وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تنازع کے حل کے لیے ملک میں ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ عوام کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ براہ راست ان کی رائے سامنے آسکے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ اس قدر متنازع ہوچکا ہے کہ اب اس کا بہتر حل عوام سے براہ راست رائے لینے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں اس معاملے پر عوامی رائے لینے میں کوئی قباحت نہیں۔ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوام کا مؤقف سامنے لایا جاسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی طور پر اس حد تک متنازع بنا دیا گیا ہے کہ اب اس کا فیصلہ عوام کی رائے کے ذریعے کرنا مناسب ہوگا۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریفرنڈم کے معاملے پر خون کی ندیاں بہنے کی بات کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ملک کی 83 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔





