امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ ایسا مستقل معاہدہ کرنا چاہتا ہے جس کے تحت مستقبل کا کوئی امریکی صدر بھی تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہ دے سکے۔
فاکس نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں نظام کی تبدیلی ان کی بنیادی ترجیح نہیں۔ ان کے مطابق امریکہ کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا اور ایسا معاہدہ کرنا ہے جو طویل عرصے تک برقرار رہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران میں نظام کی تبدیلی کے معاملے میں کبھی زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ بعض حلقے اس کی بات کرتے ہیں، تاہم امریکہ پہلے ہی ایرانی قیادت کے دو گروپوں کو ختم کر چکا ہے اور اب تیسرے گروپ سے معاملات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کو بھی نظام کی تبدیلی قرار دیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ قیادت کو سابقہ قیادت کے مقابلے میں زیادہ معقول قرار دیا، تاہم ان کے بقول مذاکرات میں مشکلات اب بھی موجود ہیں۔
امریکی صدر نے ایران پر معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ معاہدہ کرتا ہے، لیکن ایران اگلے ہی روز اسے توڑ دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ایسا مستقل معاہدہ کیا جائے گا جسے مستقبل میں کوئی امریکی صدر تبدیل نہ کر سکے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ چار، 15 یا 20 سال بعد آنے والے کسی امریکی صدر کے لیے بھی ایسا راستہ نہیں چھوڑنا چاہتے جس کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت دی جا سکے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ تہران امریکہ کے ساتھ سفارتکاری کے ذریعے جنگ ختم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی معاہدے میں ایران کے قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ضروری ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جس سے مستقبل میں دوبارہ جنگ نہ ہو۔ تہران نے مذاکرات آگے بڑھانے سے پہلے امریکہ کی سنجیدگی کی ضمانتیں بھی طلب کی ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افزودہ یورینیم کو ایران میں رکھنا تہران کے لیے اہم ہے، تاہم اس معاملے کا منصفانہ حل ممکن ہے۔ ان کے بقول روس اور چین بھی ایران کے جوہری مؤقف میں تبدیلی کے مخالف ہیں۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے قطر سمیت مختلف ممالک کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے اور مستقل معاہدے کے امکانات پر بات چیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں کشیدگی، آبنائے ہرمز میں بحری واقعات اور عالمی توانائی کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔





