بنگلا دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں تشدد اور بدامنی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ نیشنل سٹیزن پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے عوامی لیگ اور اس کی طلبہ تنظیم کو بھارتی پراکسی قرار دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں جاری بدامنی کا ذمہ دار سرحد پار عناصر کو ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر اپنے سرپرستوں کو خوش کرنے کے لیے بنگلا دیش میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔
بھارتی جریدے ویون کے مطابق بنگلا دیشی حکومت نے ملک میں تشدد اور بدامنی کی پشت پناہی کا الزام بھارت پر عائد کیا ہے۔
بنگلا دیشی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق نیشنل سٹیزن پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے الزام لگایا کہ بھارت عوامی لیگ اور چھاترا لیگ کو بنگلا دیش کے خلاف پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس اور بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنماؤں نے عوامی لیگ کے کارکنوں پر شیخ حسینہ کی واپسی سے قبل ملک میں افراتفری پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
محمد یونس کے آبائی گھر میں آگ
بنگلا دیش میں سیاسی کشیدگی کے دوران چٹاگانگ میں سابق عبوری سربراہ اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے آبائی گھر میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد فائر سروس اور متعلقہ اداروں نے کارروائی کی۔ تاہم آگ لگنے کی وجوہات اور واقعے میں کسی سیاسی گروہ کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے اور ان کے بھارت میں قیام کے بعد سے ڈھاکا اور نئی دہلی کے تعلقات میں تناؤ برقرار ہے۔ بنگلا دیش میں حالیہ سیاسی کشیدگی نے دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔





