دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں۔ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا تاہم بھارت نے بےجا طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر لیا۔ بھارتی ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے کشمیری آج بھی پاکستان کے ساتھ ہیں۔
آج ہی کے دن سردار محمد ابراہیم خان کی رہائشگاہ پر 19 جولائی 1947 کو ہونے والے اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی امنگوں کے پیش نظرکیا گیا تھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی شخصیات نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ الحاق کشمیریوں کی پاکستان سے فطری رشتے کی علامت ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی، کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی داستان آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اضافہ ہوا ہے، 10 لاکھ بھارتی فوج کی درندگی اور سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یوم الحاق کشمیر پر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان سے نظریاتی نسبت کو زندگی سے عزیز تر جانا۔
انہوں نے کہا کہ یوم الحاق کشمیر تاریخ کی روشن صبح ہے، کشمیریوں نے ایسا فیصلہ کیا جو وقت کی گرد، ظلم کی دھند اور بندوقوں کی گونج میں بھی نہ مٹ سکا، پاکستان اپنے بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اس دن کی مناسبت سے کہا کہ آج کا دن کشمیری قوم کی طرف سے پاکستان کے ساتھ وابستگی، امیدوں، اعتبار اور محبت کا دن ہے۔
دیکھیں: افغانستان میں ملازمین کی برطرفی: بدامنی اور اندرونی اختلافات عروج پر پہنچ گئے