پنجشیر (سیف اللہ خالد سے) افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں طالبان کے ایک اہم مرکز پر پیر اور منگل کی درمیانی شب دو زور دار دھماکے ہوئے، جن میں کم از کم آٹھ طالبان جنگجو مارے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر ضلع عبداللہ خیل کی وادی منجنستو میں اُس مقام پر ہوئے جہاں طالبان کا مرکزی ٹھکانہ قائم ہے۔ پہلے دھماکے کے فوراً بعد دوسرا دھماکہ بھی اسی احاطے میں ہوا، جس سے وہاں بڑی افراتفری پھیل گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ تین سے چار طالبان شدید زخمی بھی ہوئے۔ حملے کے بعد طالبان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، لوگوں کی نقل و حرکت روک دی اور قریبی دیہاتوں میں گھر گھر تلاشی شروع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق طالبان کسی کو بھی دھماکے کی جگہ کے قریب نہیں آنے دے رہے اور آس پاس رہنے والے افراد سے سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم مقامی ذرائع یہ حملہ طالبان مخالف مزاحمتی گروہ این آر ایف کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔
دیکھیں: پاکستان میں ٹی ٹی پی کے حملوں میں افغان طالبان اور القاعدہ براہِ راست ملوث، این آر ایف