وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دفاعی خدمات کے لیے 5 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مالی سال سے ایسے اخراجات کو دفاع کے باقاعدہ اور مستقل بجٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں مختلف وزارتوں کی تجاویز پر غور کرتے ہوئے دفاع، ترقیاتی منصوبوں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سماجی بہبود سے متعلق اہم فیصلے طے پائے ہیں۔
دیگر اہم منظوریاں
پنجاب میں ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کے لیے 2 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ۔
اسلام آباد کے آٹزم سنٹر آف ایکسیلینس تک خصوصی بچوں کی رسائی بہتر بنانے کے لیے 32 کروڑ روپے۔
آسان خدمت مرکز قائم کرنے اور ڈیجیٹل رابطہ کاری، آئی ٹی ڈھانچے اور ای گورننس کے منصوبوں کے لیے 4 ارب 50 کروڑ روپے۔
ٹیکس نیٹ ورک مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام پر کام تیز کرنے کے لیے 3 ارب روپے۔
مستقبل کے لیے اقدام
ایشیاء پیٹرولیم پائپ لائن کے مستقبل کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اپنی رپورٹ اگلے ماہ تک پیش کرے گی۔
فلم و ڈراما فنانس فنڈ کے لیے 70 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جس کے شفاف استعمال کی وزارتِ اطلاعات سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
دفاعی شعبے کے لیے منظور ہونے والی رقم سے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ، سائبر سکیورٹی اور عوامی منصوبوں پر کام ہوگا، جسے ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار جاری کیا جائے گا۔
دیکھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی ساکھ میں اضافہ