جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے زیر آب، اسکول بند

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھ گئی۔
جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش

جڑواں شہروں میں شدید بارش سے گھروں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ، راولپنڈی میں اسکول بند کردیئے گئے۔

September 1, 2026

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی متاثر کردیا۔ متعدد آبادیاں زیر آب آگئیں جبکہ پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعدد آبادیاں زیر آب

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی۔ بارش صبح 8 بجے تک جاری رہی۔

شدید بارش کے بعد کئی سڑکوں اور علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ اس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پیرودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں اور فوجی کالونی میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی زیر آب آگئے۔

اسی طرح اعوان کالونی میں متعدد گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی بارش کے پانی میں ڈوب گیا۔

نالہ لئی کی سطح بلند

موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ تک پہنچ گئی۔ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث قریبی آبادیوں کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

بارش کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ واسا حکام کے مطابق شمس آباد میں سب سے زیادہ 197 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گولڑہ میں 157، نیو کٹاریاں میں 184، پی ایم ڈی میں 146 جبکہ پیرودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اسکول بند

شدید بارش اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

شہریوں کو بارش کے دوران احتیاط کرنے اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیکھیے: راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، خطرے کے سائرن بج گئے

متعلقہ مضامین

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کو نجی اجلاس کے دوران زہر دیے جانے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

November 4, 2026

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو دونوں ایوانوں میں شکست، ڈیموکریٹس نے سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرلی۔

November 4, 2026

امریکی عدالت نے 150 سے زائد افغان شہریوں کی پاکستان کے راستے ملک بدری 7 نومبر تک عارضی طور پر روک دی۔

November 4, 2026

محسن نقوی نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا قبضہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے 5 اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔

November 4, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *