پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے افغان طالبان کے 8 ڈرونز کو پاک فوج نے مار گرایا ہے۔ افواج پاکستان کے مستعد ایئر ڈیفنس سسٹم نے دشمن کے تمام ڈرونز فضا میں تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں گرائے گئے۔ بقیہ 4 ڈرونز کو کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں نشانہ بنایا گیا۔
عوامی مقامات کو نشانہ بنانا
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ اور زمینی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ افغان ڈرونز کے ذریعے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی خطرناک کوشش کی گئی تھی، جسے بروقت ناکام بنایا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ فضائی جارحیت افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی کھلی پشت پناہی کا واضح ثبوت ہے۔ افواج پاکستان دشمن کے ہر عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔
کرم سیکٹر میں دراندازی
ڈرونز مار گرائے جانے سے قبل گزشتہ رات افغان فورسز نے کرم سیکٹر میں اشتعال انگیزی کی تھی۔ افغان طالبان نے پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کی۔
پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے نشانہ بنا کر افغان طالبان کے متعدد مورچے اور ٹھکانے مکمل تباہ کر دیے۔ سرحد پار سے کی جانے والی ہر مہم جوئی کا سخت جواب دیا جا رہا ہے۔
دیکھیے: کرم سیکٹر میں فتنۃ الخوارج کی دراندازی ناکام، طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار