سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے ایک اہم اسٹیشن کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
عرب اتحاد کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ کارروائی 29 ستمبر کی صبح سوا 5 بجے کی گئی تھی۔ حملے کے نتیجے میں بجلی گھر کا ایک ٹرانسفارمر بند ہو گیا، تاہم بجلی کا مجموعی نظام شدید نقصان سے محفوظ رہا۔
جنرل ترکی المالکی کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے ڈرون کے ملبے کے تکنیکی معائنے سے تصدیق ہوئی ہے کہ اس تخریب کاری میں حوثی باغی ہی ملوث ہیں۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ نشانہ بننے والے گرڈ اسٹیشن سے مسجد نبوی کو بھی بجلی دی جاتی ہے۔ اس واقعے کے فوراً بعد مسجد نبوی کے لیے متبادل ذرائع سے برقی رو کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنا دی گئی ہے۔
دیکھیے: یمن: تعز پر فضائی حملے میں 38 افراد ہلاک، حوثیوں کا جوابی کارروائی کا اعلان