نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ازبکستان اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے معاملات اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے گفتگو کے دوران ازبکستان کو 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئرپرسن شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ازبکستان کو مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ازبک وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کی وزیر خارجہ نے اپنے صدر اور وفد کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دولت مشترکہ کے سربراہانِ حکومت کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔





